اسلام آباد ہائی کورٹ نے پشاور اور واہ کینٹ کے کنٹونمنٹ بورڈزاور بلدیاتی اداروں کو کام سے روکنے کا حکم معطل کردیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دو کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی حکومتوں کو معطل کئے جانے کیخلاف درخواست کی سماعت کے بعد دو پٹشنرز کی حد تک الیکشن کمیشن کا حکم معطل کر دیا گیا۔ عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈ پشاور اور کنٹونمنٹ بورڈ واہ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن ابھی ہوا نہیں صرف شیڈول آیا ہے اور آپ نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔الیکشن کمیشن بتائے لوکل باڈیز کو کام سے کیوں روکا گیا اور بلدیاتی نمائندوں کو کس قانون کے تحت معطل کیا گیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ابھی صرف درخواست گزاروں کی حد تک نوٹیفکیشن معطل کرتا ہوں۔ آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن عدالت کو مطمئن کریں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 14 مارچ تک کے لئے ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی