پشاور موڑ ہفتہ وار بازار میں پراسرار آگ ایک مرتبہ پھر بھڑک اٹھی' پورا علاقہ دھوئیں کی لپیٹ میں آگیا' فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں ناکام ہوگئیں' لوگ اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے میں مصروف رہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پشاور موڑ پر واقع ہفتہ وار بازار میں ایک مرتبہ پھر آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی سے سینکڑوں دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں جس سے دکانوں اور سٹالوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا۔ اس موقع پر فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں طلب کی گئیں لیکن وہ آگ بجھانے میں ناکام رہیں آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں بھی طلب کرلی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس بھی موقع پر موجود رہی۔ اس موقع پر سٹال ہولڈرز بھی اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے میں مصروف رہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصے کے بعد اس بازار میں پراسرار طور پر آگ لگ جاتی ہے جس کی وجہ سے سٹال ہولڈرز کا لاکھوں کا سامان آگ کے شعلوں کی نذر ہوجاتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی