پشاور ہائیکورٹ میں خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے لئے دائر درخواست پرسماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کردی ۔خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے لئے دائر درخواست پر چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقاراحمد نے کی ، دوران سماعت وکیل درخواست گزار علی زمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس کیس میں سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر علی ظفر دلائل دینگے جس پر چیف جسٹس نے علی زمان ایڈووکیٹ سے ہنستے ہوئے استفسار کیا کہ آپ نے کیوں ہتھیار ڈال دئیے؟ ۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میں نے ہتھیار نہیں ڈالے ان لوگوں کو میری باتوں پرغصہ آتا ہے، ان کے جو بڑے ہیں وہ بھی ناراض ہو جاتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہاکہ جب بھی عدالت میں پیش ہوتے ہیں تو جذبات سے کام نہ لیں تحمل کا مظاہرہ کریں، علی زمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایک مہینے کی تاریخ دے دیں سینیئر وکلا آئیں گے۔عدالت نے اکتوبر کے دوسرے ہفتے تک سماعت ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی