i پاکستان

پرویزالٰہی کی توہین عدالت درخواست پر سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹستازترین

September 04, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے چودھری پرویز الہی اور اہل خانہ کی توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔ سابق وزیراعلی چودھری پرویز الہی اور اہل خانہ کی توہین عدالت کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، جسٹس شمس محمود مرزا نے پرویز الہی سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے ابوذر سلمان خان نیازی ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے ، دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹرائل کورٹ میں کیس فرد جرم عائد ہونے والی ہے، ٹرائل کورٹ میں پرویز الہی کا کیس زیر التوا ہونے کے باعث عدالتی حکم پر عمل نہیں ہوا۔ درخواست گزار نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ نے عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کی عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزاروں کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ میں زیر التوا کیس کا میری عدالت سے کوئی تعلق نہیں، جس نے میرے پہلے حکم پر عمل نہیں کیا اس کا احتساب ہوگا۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی