جمیعت علمائے اسلام (ف)کے رہنما اور پرویز خٹک کے بھتیجے احد خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمینٹیرینز کے سربراہ اپنی نشست بھی ہار جائیں گے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پرویز خٹک کو نئی جماعت بنانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اب ان لوگوں کو پتہ چلے گا کہ الیکشن لڑنا کسے کہتے ہیں۔ میرے والد 2018 میں الیکشن پاکستان تحریک انصاف کے ووٹ پر ہی جیتے تھے۔ احد خٹک کا کہنا تھا کہ یہ سب لوگ پی ٹی آئی کے ووٹ پر مزے کر رہے تھے۔ خیبر پختونخوا میں پارٹی ووٹ ہوتے ہیں، الیکٹیبلز نہیں ہوتے۔ جے یو آئی نے بہت زیادہ عزت دی ہے ہم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ جے یو آئی رہنما نے کہا کہ پرویز خٹک کے فیصلے کے بعد مخالف امیدواروں کو کھلا میدان مل گیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں ہمارا مقابلہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہوگا، پرویزخٹک کے ساتھ نہیں، پرویز خٹک اپنی نشست بھی ہار جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نئی جماعت میں جتنے لوگ بھی شامل ہوئے ہیں، سب پی ٹی آئی کے ووٹ پر بنے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی