پنجاب میں لاہور، ڈسکہ، شجاع آباد اور خانیوال میں ٹریفک سمیت دیگر حادثات میں 7 افراد جا ںبحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ڈسکہ کے علاقے تھانہ موترہ کی حدود میں بڈیانہ روڈ پر تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے، مرنے والوں کی شناخت حسنات، گلفام، عثمان، عدنان اور علی کے ناموں سے ہوئی۔حادثے کے بعد ریسکیو کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، مرنے والے افراد میں 3 موٹر سائیکل سوار اور 2 کار سوار تھے، پولیس نے جائے حادثہ کا جائزہ لینے کے بعد قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔دوسری جانب شجاع آباد میں بھی تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 63 سالہ شخص موقع پر دم توڑ گیا، حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔لاہو ر کے علاقے گڑھی شاہو میں کھلے پھاٹک پر ٹرین کی ٹکر سے خاتون اوربچی سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ریلوے حکام کے مطابق مغلپورہ سے ایک مال گاڑی ریلوے اسٹیشن جارہی تھی کہ گڑھی شاہو پھاٹک گزرنے کے بعد اس کی چاربوگیوں میں سے دو الگ ہوگئیں، ان بوگیوں کو جوڑنے کے لیے ٹرین ریورس کی گئی تو دھکا لگنے سے یہ بوگیاں پھاٹک کی طرف چل پڑیں جو اس وقت کھل چکا تھا۔بوگیوں کو واپس آتا دیکھ کر ریلوے ملازم نے فوری پھاٹک بند کرنے کی کوشش کی مگر اس دوران بوگیاں کھلے پھاٹک سے ٹکراگئیں جس سے 5 راہگیر زخمی ہوگئی جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق حادثے میں خاتون کا بازو کٹ گیا جب کہ دیگر زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ادھر خانیوال میں ذہنی معذور شخص ٹیوب ویل کے 50 فٹ گہرے کنویں میں گر کر جاں بحق ہو گیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو کنویں سے نکال لیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی