i پاکستان

پنجاب پولیس کا کچے کے علاقے میں دہشتگردوں، ڈاکوئوں کیخلاف ڈرونز استعمال کرنے کا فیصلہتازترین

November 13, 2024

پنجاب پولیس نے دشوار گزار، پہاڑی علاقوں، گنجان آبادیوں اور کچے کے علاقوں میں دہشت گردوں، ڈاکوئوں اور شر پسندوں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تفصیل کے مطابق واہ انڈسٹریز لمیٹڈ کے اعلی سطح کے وفد نے انسپکٹر جنرل(آئی جی) پنجاب عثمان انور سے ملاقات کی، وفد نے آئی جی پنجاب کو ادارے کے تیار کردہ مختلف ڈرونز اور ان کی صلاحیتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب نے وفد کو دہشت گردوں، ڈاکوئوں کے خلاف موثر کارروائی کے لیے فورس کی ضروریات سے آگاہ کیا، پنجاب پولیس نے جدید سرویلنس و مانیٹرنگ سسٹم اور اسلحہ سے لیس ڈرونز کے حصول میں دلچسپی کا اظہار کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایمونیشن لے جانے اور گرانے والے ڈرون دہشت گرد و شرپسند عناصر، ڈاکوئوں کے خلاف موثر کارروائیوں کا ذریعہ بن سکتے ہیں، ڈرونز کے ذریعے شر پسند عناصر کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ، قلع قمع کرنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی سے وسیع ایریا کی فضائی سرویلنس، سیکیورٹی و ٹریفک اقدامات بھی یقینی بنانا ممکن ہے، بین الصوبائی چوکیوں پر دہشت گردوں کے بڑھتے حملوں کے پیش نظر ڈرون ٹیکنالوجی کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کچے اور اور دریائی دلدلی علاقوں میں ڈاکوں اور شرپسندوں کے خاتمے کے لیے اسلحہ بردار ڈرونز کا حصول زیر غور ہے، لا اینڈ آرڈر کنٹرول، ٹریفک مینجمنٹ، اسمارٹ پولیس کے حوالے سے ڈرونز ٹیکنالوجی بے حد معاون ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی