کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب میں مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔حکام کے مطابق سی ٹی ڈی آپریشنز میں بڑی کامیابی حاصل کی گئی ہے، جس کے مطابق لاہور سمیت صوبے کے 3 اضلاع سے ٹی ٹی پی اور ایس ایس کے 5 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی گرفتاری لاہور، بہاولپور اور شیخوپورہ سے خفیہ آپریشن کے دوران کی گئی۔ لاہور سے گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کی شناخت محمود موسی کے نام سے ہوئی، جس کا تعلق ٹی ٹی پی سے ہے اور وہ تنظیم کا اہم کارندہ ہے، دیگر گرفتار دہشت گردوں میں عبدالحنان، رحمت علی، معاویہ اور محمد عربی شامل ہیں، ملزمان کے خلاف 4 مقدمات درج کر کے انہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد پنجاب میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کا منصوبہ بناچکے تھے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سی ٹی ڈی نے رواں ہفتے 458 کومبنگ آپریشن کیے جن میں 97 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف 52 مقدمات درج کیے گئے ہیں، گرفتار افراد کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی