لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی طوفان اور بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم آسمانی بجلی گرنے اور دیگر واقعات میں کم سے کم 9افراد جا ں بحق او درجنوں زخمی ہوگئے ،متعدد جانور بھی ہلا ک ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت قصور، جہلم، سرگودھا، بھکر، پھالیہ، کالا باغ، خوشاب اور دیگر شہروں میں بادل برس پڑے جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ادھر خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، پشاور، پٹن، مالم جبہ، پارا چنار، بالا کوٹ، کالام میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں اور طوفان نے تباہی مچادی، آسمانی بجلی اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں8 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ40 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ خوشاب پیل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بھائی چل بسے، والد شدید زخمی ہو گیا، ڈی آئی خان میں گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے خاتون دم توڑ گئی جبکہ گوجرانوالہ میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے ، شدید طوفان اور بارش کے باعث کئی سائن بورڈز، دیواریں اور چھتیں گر گئیں، جس کے نتیجے میں لوگ جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔وزیر آباد میں دیوار گرنے سے ماں بیٹی ملبے تلے دب کر چل بسیں، بھیرہ، کبیر والا، سیالکوٹ میں آندھی کے باعث مختلف حادثات میں37 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ چنیوٹ میں آسمانی بجلی سے لاکھوں روپے مالیت کے10 سے زائد جانور ہلاک ہو گئے۔نارووال میں تیز آندھی اور طوفان کے باعث دیواریں، درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے خواتین سمیت 30 افراد زخمی ہوئے، طوفان کے باعث بجلی کا نظام معطل ہو گیا اور درجنوں درخت اور بل بورڈز گر گئے، احمد آباد کے ایک سرکاری اسکول کی دیوار گر گئی۔ دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے طوفانی بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت و ہمدردی کرتے ہوئے زخمی افراد کے بہترین علاج کی ہدایت کی۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے طوفانی بارشوں کے دوران پی ڈی ایم اے، واسا اور دیگر اداروں، انتظامیہ کو مستعد اور متحرک رہنے کا حکم بھی دیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی