i پاکستان

پنجاب بھر میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کا اعلان، وزیر اعلیٰ نے منظوری دیدیتازترین

April 18, 2024

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کی منظوری دیدی۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں 5 جون سے صوبے بھر میں پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا 22 اپریل کو ارتھ ڈے منایا جائے گا، پلاسٹک کو ناں مہم کا آغاز ہو گا، پلاسٹک بیگز کی تیاری، ترسیل اور استعمال پر مکمل پابندی یقینی بنائیں گے، پلاسٹک تھیلوں پر پابندی کیلئے وزیر اعلی پنجاب نے بھی منظوری دے دی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا عوام خود کو کینسر سے بچانے کیلئے پلاسٹک بیگ استعمال نہ کریں، عوام سے اپیل ہے کہ پلاسٹک بیگز کی جگہ کپڑے اور کاغذ کے تھیلے استعمال کریں، دکاندار سمیت تمام لوگ پلاسٹک بیگز استعمال نہ کرنیکی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا گھروں میں پلاسٹک اشیا اور برتن بھی استعمال نہ کریں، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ متعلقہ حکام پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی یقینی بنائیں گے، طالب علموں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی لیکچرز اور تربیتی ورکشاپس ہوں گی جس میں انسانی صحت کو پلاسٹک سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جائے گا، ماحول کو بہتر بنانا ہم سب کی زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی