پنجاب حکومت نے 9 مئی کو آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کاروائی کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔ نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں نو مئی کو آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا جائزہ لیا گیا۔ نگراں حکومت نے فوجی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنیوالے شرپسندوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلے کی منظوری دیدی۔ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں شرپسندوں کیخلاف مقدمات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کی بھی اصولی منظوری دیدی گئی۔ نگراں وزیراعلی نے حکام کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کے اصل ذمہ داروں کی شناخت کیلئے تمام سیکیورٹی اداروں کے باہمی اشتراک پر زور دیا۔ انہوں نے ملزموں، سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈز تک پہنچنے کیلئے مثر میکانزم وضع کرنے کی ہدایت کردی۔ اعلی سطح کے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 32 مقامات کی جیوفینسنگ کرکے ملزمان کو ٹریس کیا جارہا ہے، تصاویر اور ویڈیوز میں چہرے سے شناخت کیلئے نادرا کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جارہی ہے۔ نگراں وزیراعلی محسن نقوی نے گرفتار افراد پر الزامات کی تصدیق کیلئے فول پروف طریقہ کار اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حکام کسی بھی بے گناہ کی گرفتاری نہ ہونے کو یقینی بنائیں، تمام شرپسندوں کیخلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی