i پاکستان

پناہ گزینوں کے بحران پر عالمی ردعمل ناکافی اور انتہائی تشویش ناک،پناہ گزینوں کے میزبان ممالک کو گرانٹس دی جائے، پاکستانی مندوب افتخار احمد کا مطالبہتازترین

April 29, 2025

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب افتخار احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے ممالک کو گرانٹس کی صورت میں معاونت فراہم کی جائے۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں پناہ گزینوں پر منعقدہ اجلاس میں پاکستانی مندوب افتخار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پناہ گزینوں کے بحران پر عالمی ردعمل ناکافی اور انتہائی تشویش ناک ہے۔انھوں نے کہا افغانستان میں تنازعات نے طویل ترین پناہ گزین بحرانوں میں سے ایک کو جنم دیا، پاکستان نے افغان پناہ گزین آبادیوں کی میزبانی کی، چیلنجز کے باوجود لاکھوں افغانوں کو پناہ، تحفظ اور مواقع فراہم کیے گئے۔پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی بھی بدترین جبری نقل مکانی کے بحرانوں سے متاثر ہے، فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کا حق اب تک پورا نہیں ہو سکا، عالمی سطح پر جبری نقل مکانی کا بحران تباہ کن حدوں کو پہنچ چکا ہے، 12 کروڑ سے زائد افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے ہیں۔انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نئے تنازعات کی روک تھام اور جاری تنازعات کا پرامن حل تلاش کیا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی