i پاکستان

پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ، پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر کی ضمانت منظور، فوری رہائی کا حکمتازترین

August 02, 2024

اسلام آباد کی عدالت نے پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کو آرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی ضمانت بعد از گرفتاری منظورکرلی۔ پی ٹی آئی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں بعد از گرفتاری ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے ڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ نے کی۔ عدالت نے وقاص جنجوعہ کی 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت مںظور کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پیکا ایکٹ کے تحت کیس میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے انٹرنیشنل میڈیا کو آرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔ اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے پاکستان تحریک انصاف احمد وقاص جنجوعہ کے خلاف اسلحہ بارود برآمدگی کیس میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا تھا۔ اس سے قبل 22 جولائی کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی