i پاکستان

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق کے قتل میں بیٹا ملوث نکلاتازترین

August 05, 2024

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور نجی ہسپتال کے مالک ڈاکٹر شاہد کے قتل میں بیٹا ملوث نکلا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاون نے مقتول کے بیٹے قیوم شاہد کو حراست میں لے لیا، آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے قیوم شاہد کو ٹھوس شواہد پر حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ قیوم شاہد نے مبینہ طور پر شوٹر کی مدد سے والد کو قتل کروایا، ڈاکٹر شاہد کے قتل کا مقدمہ ان کے دوسرے بیٹے تیمور کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، مقتول ڈاکٹر شاہد صدیق کی نماز جنازہ بھی ان کے اسی بیٹے قیوم شاہد نے پڑھائی تھی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ باپ کی نماز جنازہ پڑھاتے ہوئے ملزم رو رہا تھا۔ مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق قتل کے وقت ڈاکٹر شاہد کے ساتھ بیٹا قیوم اور بھائی ساجد بھی موجود تھے، ڈاکٹر شاہد صدیق اپنی کار میں بیٹھنے لگے تو شوٹر نے آکر فائرنگ کردی جبکہ ان کا بیٹا قیوم سامنے اپنی کار کے پاس موجود تھا۔ یاد رہے کہ 2 اگست کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق جاں بحق ہوگئے تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی