اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت نہ دینے پر سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی کو نوٹس جاری کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت کی درخواست پر فیصلہ نہ کرنے پر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراضات دور کر کے نوٹس جاری کئے۔ پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہمیں گزشتہ روز اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی، ہمیں کل توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرنے کے بعد ڈی سی کا آرڈر موصول ہوا، ڈپٹی کمشنر نے درخواست دائر کرنے کے بعد ہماری درخواست مسترد کرنے کا آرڈر بھیجا۔ بعدازاں عدالت نے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت(آج) بدھ تک ملتوی کر دی
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی