i پاکستان

پی ٹی آئی کی چار اکتوبر کو احتجاج کی کال، انتظامیہ کا اسلام آباد سیل کرنے کا فیصلہتازترین

October 02, 2024

پی ٹی آئی کی جانب سے کل ( جمعہ )کے روز اسلام آباد میں احتجاج کی کال کے پیش نظر انتظامیہ نے کمر کس لی اور وفاقی دارلحکومت کو مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق، جڑواں شہروں کے سنگم فیض آباد میں کینٹیرز کی پکڑ دھکڑ شروع ہوگئی ۔ اسلام آباد کے داخلی راستوں مزید کنٹینرز پہنچا دئیے گئے ، مارگلہ روڈ 26 نمبر چونگی اور موٹر وے پر بھی کنٹینرز پہنچادئیے گئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس کی طرف سے ریڈ زون کو بھی سیل کردیا گیا، تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث کنٹینرز لگا کر راستے بلاک کئے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ چار اکتوبر کا اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج ہے اور پانچ اکتوبر کو لاہور میں احتجاج کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ احتجاج ہمارا حق ہے، اسلام آباد میں احتجاج کے حوالے سے قانون سازی درست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا اس وقت ہونے والا احتجاج آزاد عدلیہ، آئین کے تحفظ اور مہنگائی کے خلاف ہے۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم صرف پاکستان تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے اور ہماری قیادت اور ورکرز کا ملٹری ٹرائل کرنے کیلئے کی جا رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی