i پاکستان

پی ٹی آئی کبھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹے گی،بیرسٹرگوہرتازترین

December 12, 2024

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے تحریک انصاف کبھی بھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹے گی،خواجہ آصف کے بیانات سیاست کا حصہ ہیں،ان سے ہم دل برداشتہ نہیں ہوں گے،مذاکرات کن سے ہوں گے یہ سب کو پتہ ہے،مذاکرات کرنے والوں کو بھی پتہ ہے کہ وہ کیوں مذاکرات کر رہے ہیں۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حکومت تو بیچاری بے اختیار ہے۔عمران خان نے مذاکرات کی ایک سنجیدہ پیشکش حکومت کو کی ہے۔انہوں نے سول نافرمانی کی تحریک سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ کال عمران خان نے دی ہے اگر حکومت مذاکرات میں سنجیدگی اختیار کرے گی تو اس کا فیصلہ بھی عمران خان ہی کریں گے۔اگر حکومت نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تو پھر 15 دسمبر کے بعد سول نافرمانی کی تحریک شروع ہو جائے گی۔تا ہم اس کا ابھی حتمی اعلان نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے پاس کتنا مینڈیٹ ہے یہ حکومت کو بھی پتہ ہے ہمیں بھی معلوم ہے اور عوام جس نے ووٹ ڈالے ہیں وہ سارے جانتے ہیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ فارم 47 والی حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو سول نافرمانی کی تحریک کی کال دی ہے اس میں ابھی دو دن باقی ہے۔حکومت کو الٹی میٹم دیتا ہوں کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان یا تحریق انصاف نے کبھی بھی مذاکرات سے رائف فرار حاصل نہیں کیا۔اب جو مذاکرات ہوں گے وہ کس کے کہنے پر ہوں گے اور کون لوگ کروا رہے ہیں یا کر رہے ہیں سب کو پتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کو کسی بھی صورت میں مسائل میں دھکیلنا نہیں چاہتے ہیں۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی