i پاکستان

پی ٹی آئی کا دارالحکومت میں بڑی خیمہ بستی لگانے کا فیصلہتازترین

November 03, 2022

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے شرکا کے لیے اسلام آباد میں بڑی خیمہ بستی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں لانگ مارچ کے شرکا کے اسلام آباد میں قیام کے لیے بڑی خیمہ بستی لگانے کا فیصلہ کیا۔ خواتین کے لیے محفوظ اور سہولیات سے آراستہ الگ قیام گاہ کی تعمیر کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارچ کے لاکھوں شرکا کے قیام کے لیے ہزاروں گاڑیوں کی پارکنگ کا بندوبست کیا جائے گا اور خیمہ بستی میں خوراک کی تیاری کے لیے الگ حصے مختص کیے جائیں گے جبکہ مارچ کے شرکا کے لیے خیمہ بستی میں سیکڑوں بیت الخلا بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ اسلام آباد کی خیمہ بستی میں مختلف مقامات پر خصوصی طبی کیمپس لگائے جائیں گے اور خیمہ بستی میں کئی روز تک کے قیام کے لیے خوراک و بستر کے ذخیرے کے لیے اسٹورز قائم ہوں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ خیبر پختونخوا، راولپنڈی، سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژن کے لانگ مارچ کی تیاری کا جائزہ لیا گیا ہے اور کوئی شک نہیں کہ 11 نومبر کو اسلام آباد میں تاریخی اجتماع ہونے جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 28 اکتوبر کو لاہور سے شروع ہوا تھا جو بذریعہ جی ٹی روڈ مختلف شہروں سے ہوتا ہوا اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی