پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے آج 24 نومبر کے احتجاج کا فیصلہ برقرار رکھنے پر اتفا ق کرتے ہوئے ہر صورت اسلام آباد کی جانب مارچ اور ڈی چوک میں دھرنے کا اعلان کردیا۔ ۔ذرائع کے مطابق پشاور میں وزیراعلی ہائوس میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کااجلاس چیئرمین بیرسٹرگوہر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وزیراعلی خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور،، سابق صدر عارف علوی، شبلی فراز اسد قیصر، شیخ وقاص اکرم اور بیرسٹر سیف سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی شریک ہوئے ۔پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے اجلاس کو حکومت کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس کو بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کی بانی سے ملاقاتوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔اجلاس میں اسلام آباد مارچ کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی قیادت نے فیصلہ کیا کہ احتجاج ہر صورت ہوگا، ڈی چوک پر دھرنا ہوگا، تمام رکاوٹیں پار کرکے منزل پر پہنچیں گے، اس بار واپسی نہیں ہوگی۔اجلاس کے بعد ایک بیان میں علی امین گنڈا پور نے کہاکہ وفاق اور پنجاب حکومت نے بوکھلاہٹ میں موٹروے اور شاہراہیں بند کردیں ہیں، حکومت نے ملک بند کرکے ہمارا احتجاج خود ہی کامیاب بنادیا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ آئین پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، کسی صورت سرنڈر نہیں کریں گے، 24 نومبر کو پوری قوم سڑکوں پر ہوگی۔ تمام رکاوٹیں توڑ کر ڈی چوک پہنچیں گے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی