وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں خلوص تلاش کرنا وقت کا ضیاع ہوگا، مسلم لیگ ن سوشل میڈیا پر کمزور ہے، آپ کے دل نواز شریف کے ساتھ ہیں تو دماغ بھی چلائیں۔یہ بات انہوں نے لندن میں ایک تقریب کے دوران اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ آج اوورسیز پاکستانی اپنے قائد نوازشریف اور قائد اعظم کا یوم پیدائش منانے جمع ہوئے ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سوشل میڈیا پر کمزور ہے، عوام کی ایک بڑی تعداد بد دیانت آدمی کو ایماندار سمجھتی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے پروپیگنڈا کو سوشل میڈیا پر کائونٹر کیا ہی نہیں، اگر آپ کے دل نوازشریف کے ساتھ ہیں تو ساتھ دماغ بھی چلائیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ نوازشریف کو پاناما کے جعلی مقدمے میں سزا دینا گھنائونا مذاق تھا، بانی پی ٹی آئی نے ہر لحاظ سے پاکستانی سیاست کو گندہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی جانے والی باتیں سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں۔حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات سے متعلق انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں شہباز شریف آتے تھے تو بانی پی ٹی آئی ان کی طرف پشت کرکے بیٹھ جاتے تھے، مذاکرات میں خلوص تلاش کرنا وقت کا ضیاع ہوگا۔ خواجہ آصف کہنا تھا کہ 31 دسمبر زیادہ دور نہیں، اب آپ کو زرمبادلہ میں اضافہ واضح نظر آئے گا، پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی تحریک کا کچھ فرق نہیں پڑے گا، تمام لوگ اپنے بل معمول کے مطابق ادا کریں گے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی