اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی کے 28ویں یوم تاسیس اور گرفتار رہنمائوں و کارکنان کی رہائی کیلئے ریلی نکالنے کے مقدمے میں گوہر خان، عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اویس محمد خان نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزمان کی جانب سے علی بخاری ایڈووکیٹ، انصر کیانی، مرتضی طوری ایڈووکیٹ و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر دلائل دیتے ہوئے وکیل نے بتایا کہ انتظامیہ نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے، سیاسی بنیاد پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے، جب بھی پرامن احتجاج کرتے ہیں نیا مقدمہ درج ہوتا ہے۔وکلا نے استدعا کی کہ رہنمائوں کی ضمانت منظور کی جائے اور پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔بعد ازاں عدالت نے 5،5ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانت منظور کر لی اور فریقین کو جواب جمع کرانے کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 7مئی تک ملتوی کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی