پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر خان نیازی نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاستدانوں کو بنگلہ دیش میں وزیراعظم حسینہ واجد کو جلا وطن کرنے اور ملٹری ٹیک اوور سے سبق حاصل کرنا چاہیے عمران خان کبھی ڈیل نہیں کرے گا،انہیں پابند سلاسل کر کے کچھ حاصل نہیں ہوگا،منگل کوپارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سیاست دانوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور بنگلہ دیش میں جو واقعات رونما ہوئے ہیں ان پر تفصیلی جائزہ لینا چاہیے،پاکستان کے عوام بھی مہنگائی بیروزگاری غربت اور آئی پی پیز کے سکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد شدید مشتعل ہیں،کھربوں روپے کے اس سکینڈلز نے اشرافیہ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بوجھ بے روزگاری اور مہنگائی نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے, الیکشن کمیشن کے بل میں ترمیم کر کے اپنے مفاد کے لیے استعمال کرنا حکمرانوں کو مہنگا پڑ جائے گا،پاکستان کے عوام جلد سڑکوں پر ہوں گے،سپریم کورٹ کے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا ہے،مخصوص نشستیں ہمارا حق ہے،جلد عوام سڑکوں پر ہوں گے اور حکمران یہاں سے فرار ہونے کے لیے جدوجہد کریں گے،سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے لیے جو تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا وہ خوش آئند تھا مگر حکمران اس کو تبدیل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن ایکٹ میں ترمیم کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ جلد عوامی تحریک کا اغاز ہوگا جو پاکستان میں اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا ہوگا،حکمرانوں کو ملک سے فرار نہیں ہونے دیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی