انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں 25 فیصد خواتین صحافیوں کو زچگی کی چھٹیوں سے متعلق اپنے قانونی حقوق ہی معلوم نہیں ہیں۔آئی ایف جے کی طرف سے پاکستانی میڈیا میں خواتین کو درپیش مختلف مسائل اجاگر کرنے کیلئے ڈیسنٹ ورک2024 کے عالمی موقع پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 50 فیصد خواتین صحافی اپنے میڈیا اداروں میں تنخواہوں کے ڈھانچے کے بارے میں واضح نہیں ہیں، جس کی وجہ سے مردوں اور عورتوں کے درمیان تنخواہوں کا فرق مسلسل برقرار ہے۔ بین الاقوامی فیڈریشن آف جرنلسٹس نے "پاکستان میں کام کی مضبوط جگہیں بنانے" کے عنوان سے مہم شروع کی ہے جو میڈیا میں خواتین پر مرکوز ہے۔اِس مہم کا حکومتوں اور میڈیا تنظیموں سے مطالبہ ہے کہ وہ صحافیوں کو کام کرنے کا محفوظ، منصفانہ اور باعزت ماحول فراہم کریں۔آئی ایف جے دنیا میں صحافیوں کی سب سے بڑی تنظیم ہے، جو 140 سے زائد ملکوں میں 6 لاکھ سے زیادہ اراکین کی نمائندگی کرتی ہے۔یہ تنظیم پریس کی آزادی کو فروغ دینے، صحافیوں کے حقوق کا دفاع کرنے اور میڈیا انڈسٹری میں کام کرنے کے حالات و ماحول کو بہتر بنانے کیلئے کام کرتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی