رواں سال کے پہلے 7 ماہ میں پاکستان کی چین کو گوشت کی برآمدات 2.6 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، پاکستان نے جنوری سے جولائی تک 540ٹن ابلا ہوا گوشت چین برآمد کیا۔جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز آف چائنہ(جی اے سی سی) کے مطابق رواں سال جنوری سے جولائی کے دوران پاکستان کی چین کو گوشت کی برآمدات 2.6 ملین ڈالر سے زائد تک پہنچ گئی ہیں۔ یہ شاندار کامیابی چینی مارکیٹ میں پاکستانی گوشت کی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب کو ظاہر کرتی ہے۔ ڈی ای اے گروپ کے چیئرمین اور گوشت برآمد کرنے والے اویس میر نے چائنہ اکنامک نیٹ کو بتایا کہ اس نمو کو آگے بڑھانے والی بنیادی برآمدی شے چین کو ابلا ہوا بیف ہے، جس نے چینی صارفین میں مقبولیت میں اضافہ دیکھا ہے۔ پاکستانی گوشت کے معیار اور ذائقے اور مسابقتی قیمتوں نے اسے چینی درآمد کنندگان کے لئے ایک پرکشش آپشن بنا دیا ہے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق یہ پیش رفت دونوں حکومتوں کی جانب سے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی کوششوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گوشت کی تجارت میں اضافہ جاری رہنے کی توقع ہے جس سے عالمی مارکیٹ میں اہم شراکت داروں کی حیثیت سے دونوں ممالک کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق گوشت اور زرعی مصنوعات کے کاروبار سے وابستہ چوہدری جاوید سلیم نے کہا کہ یہ مثبت تجارتی رجحان جاری رہنے کی توقع ہے کیونکہ دونوں حکومتیں اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور زرعی شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے کام کر رہی ہیں۔ چین کو پاکستان کی گوشت کی برآمدات میں کامیاب توسیع پاکستان کے برآمدی پورٹ فولیو کو متنوع بنانے اور عالمی مسابقت کو بڑھانے کے عزم کا ثبوت ہے۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق منگولیا اور پاکستان چین کو ابلے ہوئے گوشت کی برآمد میں سرفہرست مقامات ہیں اور پاکستان نے جنوری سے جولائی 2024 تک 2.607 ملین ڈالر مالیت کا 540 ٹن ابلا ہوا گوشت چین برآمد کیا جبکہ منگولیا نے رواں سال کے پہلے سات ماہ میں 1640 ٹن ابلا ہوا گوشت برآمد کیا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق واضح رہے کہ جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز آف چائنہ (جی اے سی سی)نے گزشتہ سال پاکستانی کمپنیوں کو ابلا ہوا گوشت چین برآمد کرنے کی اجازت دی تھی اور اب تک چین کو ابلا ہوا گوشت برآمد کرنے کے لیے جی اے سی سی میں تین پاکستانی کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی