i پاکستان

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مختلف شعبوں میں بڑے مواقع موجود ہیں، عبدالعلیم خانتازترین

November 30, 2024

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مختلف شعبوں میں بڑے مواقع موجود ہیں۔وفاقی وزیر سے آذربائیجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرادوف نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارتی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران عبدالعلیم خان نے کہا کہ حالیہ دورہ آذربائیجان یادگار، وہاں ملاقاتیں مثبت اور امید افزا رہیں، جبکہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط اور پاکستان و آذربائیجان میں روابط بڑھانا چاہتے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان سیاحت سمیت آذربائیجان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دے سکتا ہے، ہمیں اپنے باہمی تعلقات کو بزنس اور دوطرفہ ٹریڈ میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر آذربائیجان کی کمپنیوں کو بھی پاکستان میں سرمایہ لگانے اور بزنس کرنے کی پیشکش کی، جبکہ ملاقات میں کراچی سے سکھر اور سکھر سے حیدرآباد کے ایم 6 اور ایم 9 موٹرویز کے لئے سرمایہ کاری پر بھی گفتگو کی گئی۔ دوسری جانب آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف نے ملاقات میں پاکستان سے تعاون میں فروغ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر کام کریں گے۔ملاقات میں پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ کے تینوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، اس کے علاوہ آذربائیجان کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ سے فوکل پرسن کی نامزدگی کی جائے گی، اور اس حوالے سے نزدیکی رابطہ رکھا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی