انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) کی صدرڈومینک پرادالی کی پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلی سے ملاقات ،ملاقات میںپاکستان میں میڈیا سے متعلق قانونی فریم ورک میں ہونے والی پیش رفت سمیت میڈیا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیاجبکہ آئی ایف جے کی صدر نے بین الاقوامی کنونشنز اور پاکستان کے آئین کی روشنی میں آزادی اظہار اور پریس کی آزادی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا،ڈومینک پرادالی نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور آئی ایف جے کے اشتراک سے افغان صحافیوں کو ویزوں کے اجرا میں سہولت فراہم کرنے اور تربیتی پروگراموں اورورکشاپوں کے ذریعے صحافیوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے تعاون سمیت اہم کام جاری رکھنے میں فرانسیسی حکام کی مدد پر فرانس کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔فرانس کے سفیر نے دنیا بھر میں آزادی صحافت کے لیے فرانس کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت کا ایک لازمی ستون ہے۔اس موقع پرپی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل شکیل احمد اور فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن ڈاکٹر فرقان راو بھی موجود تھے، جنہوں نے خطے میں صحافتی معیار کو مضبوط بنانے اور میڈیا کی آزادی کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی