مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں عدالتی نظام حیران کن تفریق کا شکار ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں عدالتی نظام حیران کن تفریق کا شکار ہے، آج ہی کے فیصلے لیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے نزدیک اداروں کیخلاف بیان اتنا سنگین معاملہ ہے کہ انھوں نے زیر حراست تشدد جیسے سنگین الزام کو نظرانداز کر دیا۔ انہوں نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہباز گل کو پولیس کے حوالے کرنے کا کہہ دیا گیا ہے جبکہ پشاور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کے نزدیک حکومت کا پی ڈی ایم رہنماں کیخلاف انھیں الزامات پر مقدمہ درج کرنے کا حکم بے وقعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو نوٹس کیے بغیر کابینہ کا فیصلہ معطل کر دیا گیا، ثابت یہ ہوتا ہے کہ ملک میں قانون جج صاحبان کا نام ہے۔ فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ جج قانون کے ماتحت نہیں قانون ججز کے ماتحت ہے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی