پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت صدر کراچی میں واقع معروف موبائل و الیکٹرانکس مارکیٹ اسٹار سٹی موبائل مارکیٹ میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اسمگل شدہ موبائل فونز، ٹیبلٹس، اسمارٹ واچز، ائیر پوڈز اور دیگر الیکٹرانک اشیا برآمد کرلیں۔کسٹمز حکام کے مطابق یہ آپریشن خفیہ اطلاع پر کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی اور خفیہ ایجنسی کی مشترکہ کوششوں سے انجام دیا گیا۔آپریشن کے دوران موبائل مارکیٹ کے متعدد گوداموں پر چھاپے مارے گئے، جس میں 2,500 سے زائد استعمال شدہ موبائل فونز، 350 سے زائد مختلف برانڈز کے ٹیبلٹس، اسمارٹ واچز، ائیر پوڈز، بھارتی گٹکا اور مائع ویپ فلیور بھی برآمد کیے گئے۔کسٹمز حکام نے ان تمام اسمگل شدہ اشیا کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم ہاس کراچی منتقل کر دیا ہے۔حکام نے اس آپریشن کی کامیابی پر کہا کہ مارکیٹ میں بھاری مجمع ہونے کے باوجود کسٹمز انفورسمنٹ کے عملے نے انتہائی پیشہ ورانہ اور منظم انداز میں آپریشن کو مکمل کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی