پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، فواد چوہدری اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے ملک میں ایمرجنسی اور مارشل لاء لگانے کے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آئین دینے والے ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ اور بینظیر بھٹو کا صاحبزادہ آئین کے دفاع کی بجائے آئین شکن عناصر کی زبان بول رہا ہے، پیپلز پارٹی نے بھٹو کا نظریہ دفن کردیا اب یہ زرداری کی جماعت بن گئی ہے۔ منگل کو سپریم کورٹ کے باہر الیکشن سے متعلق فیصلے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چار اپریل ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کا دن ہے اس روز مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ ملک میں مارشل لاء اور ایمرجنسی کی باتیں کررہا ہے جبکہ اس کے نانا (ذوالفقار علی بھٹو) اور والدہ (بینظیر بھٹو) نے آئین اور قانون کی پاسداری کیلئے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ذوالفقار علی بھٹو کی پیپلز پارٹی ختم ہوگئی ہے زرداری نے پیپلز پارٹی پر قبضہ کرلیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کو آئین دینے والے ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ آج آئین شکن اور جمہوریت اور عدلیہ کے خلاف سازشیں کرنے والوں کی صف میں کھڑا ہے۔ فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے بھی بلاول بھٹو کے مارشل لاء اور ایمرجنسی کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کی طرف سے اس طرح کا بیان انتہائی افسوسناک ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی