i پاکستان

پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا کے ذریعے منظم سازش کی جارہی ہے، سب نے ملک کر اس کو ناکام بنانا ہے،میرسرفرازبگٹیتازترین

November 29, 2024

وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا کے ذریعے منظم سازش کی جارہی ہے ہم سب نے ملک کر اس کو ناکام بنانا ہے۔کوئٹہ میں گرلز کالج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دوسرے ممالک میں منظم قسم کے سیل بیٹھ کر پاکستان کیخلاف سازش کر رہے ہیں، دیگر ممالک میں بیٹھ کر ہمارے خلاف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے منظم سازش کی جا رہی ہے۔آپ کو ریاست سے دور کرتے ہیں، پاکستان سے دور کرتے ہیں، ریاست کے خلاف بچوں کی ذہن سازی کی جارہی ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، آپ نے پاکستان کیلئے آگے بڑھنا ہے، آپ نے جھوٹے پراپیگنڈا کو رد کرنا ہے،اس کا حصہ نہیں بننا۔انہوں نے کہا کہ مستونگ کے بچوں کا کیا گناہ تھا جن کو آج سے 2 ہفتے پہلے چوک پر شہید کردیا گیا، تم نے معصوم بچیوں کا خون بہایا تو کیا ہوا تعلیم بند ہوگئی؟ ہم اپنے سکول اور کالجز ویران نہیں ہونے دیں گے، ہم طلبہ کی مدد سے دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے، بلوچستان میں کرپشن جیسا دہشتگردی کا چیلنج ہے وہ بھی ختم ہوگا۔میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ یوتھ نے میرا بازو بننا ہے، بچیاں میرا بازو بنیں گی تو یہاں سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا، آپ سوشل میڈیا کے ذریعے مجھ تک کرپشن والا معاملہ پہنچائیں، جس نے آپ سے پیسے لیے ہوں گے اس کو الٹا لٹکا دوں گا، آپ آگے بڑھیں تو یہاں سے کرپشن کا خاتمہ کرینگے، ہم ملکر بلوچستان کو آگے لیکر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا ہمارا ایک خواب ہے، ماں،بہنوں اور بچیوں کو معاشرے میں کردار ادا کرنا ہے، میں نے 5 خواتین ڈپٹی کمشنرز لگائی ہیں، خواتین ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی مردوں سے بہتر ہے، 50 سکوٹیز دے رہے ہیں، گرلز کالج کی ایک بچی کو سکوٹی دی ہے، ایک خاتون کانسٹیبل جو وزیراعلی ہائوس میں ڈیوٹی کرتی ہے ان کو بھی ایک سکوٹی دی ہے۔وزیراعلی بلوچستان نے مزید کہا کہ ہم وسائل فراہم کریں گے تو بچیاں آگے بڑھیں گی، ہم وسائل دیں گے تو بلوچستان اور یہ ملک آگے بڑھے گا، آج صوبے میں میرٹ پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جو آپ سے وعدہ کیا تھا وہ ایک ہفتے میں پورا کیا، یہ سلسلہ یہاں تک نہیں بلکہ خواہش ہے کہ تمام کالجز میں فراہم کریں۔ کالج میں میڈم ناظمہ طاہر بلاک بھی بنایا جا رہا ہے۔ قبل ازیں، وزیر اعلی بلوچستان نے کالج کی 45 طالبات میں پنک اسکوٹیز تقسیم کیں۔ تقریب میں وزیر تعلیم راحیلہ درانی، صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری اور دیگر شریک ہوئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی