i پاکستان

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہندو پی ایس پی افسر تعیناتتازترین

December 06, 2024

ملکی تاریخ کے پہلے ہندو پی ایس پی افسر راجیندر مہیگوار نے فیصل آباد میں تعیناتی کے بعد اپنے فرائض سرانجام دینا شروع کردئیے۔فیصل آباد پولیس گلبرگ سرکل میں بطور اے ایس پی تعینات ہونے والے نو جوان راجیندر مہیگوار کا تعلق سندھ کے پسماندہ ترین ضلع بدین سے ہے، راجیندر نے سی ایس ایس کے بعد پولیس گروپ میں شمولیت اختیار کی۔بطور اے ایس پی تعینات کیے گئے راجیندر مہیگوار کا کہنا ہے کہ عوام کی خدمت کا خواب حقیقت میں ڈھلنے پر انتہائی خوش ہوں، پولیس ڈیپارٹمنٹ میں رہ کر ہم لوگوں کے وہ مسئلے حل کر سکتے ہیں جو باقی محکموں میں رہ کر نہیں کر سکتے، مجھے نہیں لگتا کہ باقی محکموں میں رہتے ہوئے ہم کمیونٹی کے لوگوں کے لیے اتنا آن گرانڈ کام کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب پولیس کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ فیصل آباد میں ہندو نوجوان کی بطور اے ایس پی تعیناتی پر پولیس حکام بھی پر امید ہیں۔اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راجیندر امن و امان کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے، یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے پاس ایک ہندو افسر ہے، ان کی شمولیت فیصل آباد میں بہت اچھی ثابت ہوگی اس سے پولیس میں انکلوسیویٹی کا کانسیپٹ بڑھے گا۔ادھر سی ایس ایس کے امتحان میں رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والی اقلیتی برادری کی خاتون روپ متی بھی کامیاب ہوگئی ہیں۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی