i پاکستان

پاکستان کی فوج دنیا کی آٹھویں بڑی فوج ہے،سینیٹر جنرل(ر)عبدالقیومتازترین

May 13, 2024

ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر اور ممتاز دفاعی تجزیہ کار سینیٹر جنرل(ر)عبدالقیوم نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج اپنی ڈسپلن ، ٹریننگ ، جنگی سہولیات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث دنیا کی آٹھویں بڑی فوج ہے اور یہ پاکستان کی سلامتی کی ضامن وہ قومی طاقت ہے جس میں نہ صرف یہ کہ تمام وفاقی اکائیوں کی نمائندگی موجود ہے بلکہ اس نے پاکستان اور اس کے مختلف قومیتوں ، صوبوں اور طبقوں کو بھی جوڑے رکھا ہے اس لیے اس قسم کے منفی اور جھوٹے پروپگنڈے میں کوئی حقیقت نہیں ہے کہ یہ کسی انتشار یا اندرونی اختلافات کا شکار ہوسکتی ہے ۔ ایف ایم سنو پختونخوا کے پروگرام " بولو پاکستان " میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنی ڈسپلن ، میرٹ اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے باعث دنیا کی افواج میں ایک امتیازی حیثیت رکھتی ہے اور اس کے میرٹ کی یہ حالت ہے کہ متعدد مروجہ عام لوگوں اور سپاہیوں کے بچے پاک آرمی کے اعلی ترین عہدوں پر مختلف ادوار میں فایز رہے اور اس لسٹ میں جہاں ہر صوبے ، علاقے اور قومیت کے لوگ شامل ہیں وہاں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے بھی اہم پوسٹوں پر بلا امتیاز فرایض سرانجام دیتے رہے.ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں بھرتی سے لیکر اعلی ترین عہدوں تک تمام معاملات انتہائی میرٹ کی بنیاد پر طے کیے جاتے ہیں اور یہ تاثر ایک مکروہ پروپیگنڈا سے بڑھ کر اور کچھ نہیں کہ اس قومی فوج پر کسی مخصوص قومیت یا صوبے کا غلبہ ہے ۔ پاکستان کی آبادی کے تناسب سے تمام علاقوں کو یکساں نمائیندگی حاصل ہے ۔ ان کے مطابق حال ہی میں جن 3 میجر جنرلز کو ترقیاں ملی ہیں وہ عین میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر ہے اور جو لوگ بعض دیگر معاملات کے علاوہ ان ترقیوں یا تعیناتیوں کو پولیٹیکل پوائنٹ اسکورنگ کے لیے متنازعہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں وہ پاکستان دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور اس ایجنڈے کا مقصد پاکستان کے سیاسی ، پارلیمانی اور معاشی استحکام کے اس سفر کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے جس پر گزشتہ چند مہینوں کے بعد پاکستان چل پڑا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان تمام کوششوں کے پیچھے ایک مخصوص پارٹی اور بعض غیر ملکی پروپیگنڈا مہم کا ہاتھ ہے بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ بعض سیاسی قائدین نے اپنی غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھا اور وہ پاکستان کی فوج سمیت دیگر اہم اداروں کو متنازعہ بنانے کی ناکام مہم جوئی میں مصروف عمل ہیں ۔ تاہم ان کو یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان کی منظم فوج ان تمام کوششوں اور سازشوں کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور پاکستان کی ترقی اور اس کے استحکام کا سفر کامیابی کے ساتھ جاری رہے گا ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی