i پاکستان

پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق تحفظات واضح ہیں،امریکہتازترین

December 20, 2024

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق امریکا کے تحفظات واضح ہیں۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور نئی امریکی پابندیوں سے متعلق امریکی نائب ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لانگ رینج بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکار امریکا کی دیرینہ پالیسی ہے۔ ہمارا موقف واضح ہے، ہم نے کبھی بھی پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت نہیں کی۔ویدانت پٹیل نے کہا کہ امریکا عالمی عدم پھیلا ئوکے نظام کو برقرار رکھنے کیلئے پر عزم ہے، پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں تحفظات ایک طویل عرصے سے موجود ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا کے نائب مشیر برائے قومی سلامتی جان فائنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے میزائل سے امریکا بھی محفوظ نہیں ہے۔جان فائنر نے کہا کہ پاکستان طویل فاصلے کے بیلسٹک میزائل بنا رہا ہے جو جنوبی ایشیا کے علاوہ امریکا تک اپنے اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی