پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای )نے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ابوظہبی میں ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنمائوں نے اعلی سطح پر بات چیت اور مشاورت کے عمل کو باقاعدگی سے جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر دو طرفہ تعلقات اور کوآرڈینیشن کے عمل کو مضبوط کیا جائے۔ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور عوام کے درمیان روابط سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کے فروغ کے لیے نئے مواقعوں پر بات چیت کی۔ اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور امارات میں مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا اور انہیں دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کے طور پر بیان کیا۔
اس کے جواب میں شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے ساتھ سٹریٹیجک تعلقات کو مضبوط کرنے کے پرزور عزم کو دہرایا۔بیان کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔عرب امارات کی وزارت خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات، چین اور امریکہ کے بعد پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور گزشتہ 20 سالوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ذریعہ رہا ہے۔دونوں ممالک نے حالیہ چند سالوں میں معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے کوششیں تیز کی ہیں۔ جنوری 2024 میں پاکستان اور عرب امارات نے 3 ارب ڈالر کی مالیت سے زیادہ کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔خیال رہے کہ دس لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن امارات میں مقیم ہیں جو ملک کے لیے ترسیلات زر کا ایک بڑا ذریعہ بھی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی