i پاکستان

پاکستان اور آزادکشمیر میں 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کے شہداکی 19ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئیتازترین

October 08, 2024

پاکستان اور آزادکشمیر میں 8 اکتوبر 2005 کو آنے والے قیامت خیز زلزلے کے شہداکی 19ویں برسی منگل کو عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر ماحولیاتی تبدیلوں اور قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہے،خود کو ماحولیاتی تبدیلوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کرنا ہو گا، قدرتی آفات سے نمٹنے اور نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے عوام کو آگاہی فراہم کرنا ہوگی۔ تفصیل کے مطابق 8 اکتوبر 2005 کو آنے والے قیامت خیز زلزلے کے شہداکی برسی منگل کو عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔ اس ضمن میں آازدکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد سمیت تمام ڈویژنز اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ مرکزی تقریب مظفرآباد میں یونیورسٹی کالج گرائونڈ میں یادگارِ شہدا پر منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں وزرا، انتظامیہ اور شہریوں نے شرکت کی۔اس تقریب میں 8 بجکر 52 منٹ پر سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ زلزلے کے شہدا کی یادگار پر پھول رکھے گئے، پولیس دستے کی جانب سے سلامی بھی پیش کی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔یادگارِ شہدا پر امریکا، برطانیہ، چین، روس، سعودیہ، جاپان، عرب امارات، اور اقوام متحدہ کے پرچم بھی لہرائے گئے۔ آزاد کشمیر کے علاوہ پاکستان بھر میں بھی شہدا کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ وزیر اعظم چودھری انوارالحق کا ا پنے خطاب میں کہنا تھا کہ ہمیں امید نو کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، 8 اکتوبر2005کے سانحہ میں عالمی برادری نے زلزلہ میں انسانی ہمدردی کی نئی مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے اس سانحہ میں ہماری مدد کی ان کی خدمات کو یاد رکھا جائیگا، زلزلے کے بعد حکومت پاکستان اور پاکستانی قوم اس سانحہ سے مقابلہ کرنے کیلئے ایک ایسی زنجیر بن گئی جس کی وجہ سے ہمارے حوصلے بڑھے۔چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ آج اجڑی بستیاں آبادیوں میں تبدیل ہو چکی ہیں، کھنڈرات کا منظر پیش کرنے والی سڑکوں کی جگہ شاہرات نے لے لی ہے، عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں پہنچانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان سب تعمیراتی سرگرمیوں میں تعمیر نو پر مامور قومی اداروں نے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے، آزاد کشمیر کے ہر شہر اور گاں میں جدید سہولیات فراہم کرینگے۔ادھر زلزلہ 2005 کے شہدا کی 19ویں برسی کے موقع پر میرپور سٹیڈیم میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، کرکٹ سٹیڈیم سے چوک شہیداں تک وائک کا اہتمام کیا گیا ، واک میں ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض اور ایس ایس پی خاور علی شریک ہوئے۔شرکا نے زلزلہ شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، تقریب میں زلزلہ کے دوران یتیم ہونے والے طلبہ کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ آٹھ مقام ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں بھی 8 اکتوبر 2005 کے ہولناک زلزلے کے شہدا کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔دعائیہ تقریب میں سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے شہدا کوخراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔واضح رہے کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں آنے والے تباہ کن زلزلے کو منگل کو 19برس مکمل ہو گئے۔8 اکتوبر 2005 کو 7 اعشاریہ 6 شدت کے زلزلے سے آزاد کشمیر اور ہزارہ ڈویژن سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی تھی۔اس زلزلے میں 80 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے اور آبادیاں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی تھیں، ہنستے بستے شہر صرف چند سیکنڈز میں اجڑ گئے تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی