i پاکستان

پاکستان انفارمیشن کمیشن نے شہری کو معلومات نہ دینے پر سیکرٹری ریلو ے کو نوٹس جاریتازترین

April 13, 2023

پاکستان انفارمیشن کمیشن نے شہری کو معلومات نہ دینے پر سیکرٹری ریلو ے کو نوٹس جاری کر کےجواب طلب کرلیا،کمیشن نے شہری کو پاکستان ریلوے کی کمپنی ریل کوپ کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے اور اگلی سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت ،کمیشن نے گذشتہ سماعت پر شہری کو معلومات فراہم کرنے کا حکم دیاتھا ۔جمعرات کو پاکستان انفارمیشن کمیشن میں چیف انفارمیشن کمشنر شعیب احمد صدیقی اور ممبر اعجاز حسن اعوان نے شہری کی پاکستان ریلوے کی کمپنی ریل کاپ سے معلومات نہ ملنے پر دائر درخواست کی سماعت کی ۔سماعت میں شہری محمداویس پیش ہوئے تاہم ریلوے کی طرف سے کوئی پیش نہ ہوا جس پر کمیشن نے شدید برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ سماعت میں کمیشن نے حکم دیاتھا کہ شہری کو متعلقہ معلومات فراہم کی جائیں قانون کے تحت ریلوے پابندہے کہ وہ یہ معلومات فراہم کرئے مگر آج سماعت میں ریلوے کی طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا گذشتہ سماعت پر بھی غیر متعلقہ معلومات کمیشن کے سامنے پیش کی گئیں تھیں۔کمیشن نے وفاقی سیکرٹری ریلوے کو نوٹس کرتے ہوئے جواب طلب کرلیااور حکم دیا کہ اگلی سماعت میں حاضر ہوں اور متعلقہ معلومات شہری کو فراہم کریں۔ یاد رہے کہ شہری نے پاکستان ریلوے کی کمپنی ریل کوپ سے گذشتہ تین سال کے ملازمین کی تفصیل ،کمپنی منافع میں ہے یاخسارے میں ،ٹریک مشین استعمال ہورہی ہیں کہ نہیں، خرا ب مشینوں کی تفصیلات مانگی ہیں ۔(محمداویس)

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی