پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہیں۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں سیلاب متاثرین کو بنیادی غذائی ضروریات اور طبی امداد فراہم کرنے میں مسلسل مصروف ہیں۔ کوٹ مگسی، باغ ہیڈ، حبیب کوٹ، صحبت پور، فاضل پور اور حاجی پور کے علاقوں میں سیلاب کے دوران پھنسے سینکڑوں مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خصوصی ہدایات پر پی اے ایف بیسز امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ پی اے ایف نے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس بھی لگائے ہیں جہاں لوگوں کو مفت طبی سہولیات اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ انسانی ہمدردی کے تحت 99805 پائونڈ راشن اور پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی پیرا میڈیکل ٹیم نے 2889 مریضوں کا بھی معائنہ کیا۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی