پاک چین سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( پی سی جے سی سی آئی ) اور آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن (APCEA) کے زیراہتما م لاہور میں ایک میگا ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ گوادر پرو کے مطابق اس موقع پر لاہور میں چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ چین کی تکنیکی ترقی اور پاکستان کے قدرتی اور انسانی وسائل کا امتزاج خطے میں انقلابی تبدیلیاں لا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ ( سی پیک ) پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی رابطے کا سب سے مضبوط ستون ہے۔ گوادر پرو کے مطابق آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن سنی یانگ نے کہا کہ چین کا ایک بین الاقوامی اقتصادی طاقت کے طور پر ابھرنا پاکستان کے لیے ہر گزرتے دن کے ساتھ فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے۔ سنی یانگ نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کے ساتھ ساتھ نجی شعبوں کی کاروباری قیادت بھی اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ براہیم حسن مراد تھے۔ تقریب میں مختلف کلیدی مقررین نے شرکت کی جن میں کے پی کے کے ڈائریکٹر جنرل لاء اینڈ ہیومن رائٹس ڈاکٹر سعد خان، پی سی جے سی سی آئی کے صدر معظم علی گھرکی، ہوم ڈیپارٹمنٹ (پنجاب) کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل احمد میاں، سید حسن جاوید، ڈاکٹر محمد شعیب پرویز، صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری ، عبدالباسط، ندیم قریشی، کاشف انور، صدر ایل سی سی آئی، نور اللہ، حمزہ خالد، و دیگرشامل تھے ۔ تقریب میں پاکستان اور چین دونوں کے اعلیٰ کاروباری رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی