i پاکستان

پاک برطانیہ تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے کی ضرورت ہے، سردار یاسرتازترین

September 24, 2024

برطانیہ کے تجارت سے متعلق اہم سفارتکاروں نے سینٹورس گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سردار یاسر الیاس خان اور سینٹورس گروپ کے صدر سردار ڈاکٹر راشد الیاس خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنیوالوں میں مشرق وسطی اور پاکستان کے لیے برطانیہ کے تجارتی کمشنر اور دبئی میں قونصل جنرل اولیور کرسچن، کراچی میں ڈپٹی ہائی کمشنر اور ٹریڈ ڈائریکٹر برائے پاکستان محترمہ سارہ مونی اور ڈپٹی ٹریڈ ڈائریکٹر حامد کمال شامل تھے۔ اجلاس کا ایجنڈا تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور سیاحت کو فروغ دینے پر مرکوز تھا۔ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور مختلف شعبوں میں پاکستان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان کی سیاحت کی صنعت کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ مزید برآں ریئل اسٹیٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل اور برطانیہ کی منڈیوں میں تعمیراتی مواد اور زرعی مصنوعات کی برآمد جیسے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے نمایاں تجارتی شراکت داروں میں سے ایک اہم پارٹنر ہے جس کا سالانہ تجارتی حجم تقریبا 4 بلین پاونڈ ہے۔ اس شراکت داری کو مستقبل قریب میں تجارتی تعاون کے مزید شعبوں کی تلاش اور باقاعدہ تجارتی نمائشوں اور سرمایہ کاری کانفرنسوں کے انعقاد جیسے اقدامات کے ذریعے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی