پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید اینز ڈی ٹرانسپورٹ ریجنل اے ٹی آر 77 طیارے کو شامل کرلیا گیا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیا اے ٹی آر 77 طیارہ جدید ترین آلات اور ہتھیاروں سے لیس ہے۔ نئے طیارے کی شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی۔ طیارے کی شمولیت کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا مہمان خصوصی تھے۔ کراچی میں منعقدہ تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور تینوں سروسز کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں جنرل ندیم رضا نے بحرہند میں تبدیل ہوتی اسٹریٹجک صورت حال پر روشنی ڈالی۔ جنرل ندیم نے کہا کہ ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے طاقتور بحری فوج ضروری ہے۔ جدید طیاروں کی شمولیت سے میری ٹائم سرحدوں کی حفاظت کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ تقریب سے خطاب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ اویس احمد بلگرامی نے کہا کہ پاک بحریہ دشمن کے کسی بھی ناپاک عزائم کو روکنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی