نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، پائیدار معاشی استحکام کیلئے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا،پاکستان کے معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد میں منعقدہ2 روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے آغاز پرخطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں امریکا، چین، سعودی عرب، روس، فن لینڈ اور تریکہ سمیت دیگر ممالک کے وفود شریک ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر انویسٹمنٹ فورم میں شریک ہوئے ، اعلی سطح کا امریکی وفد ایرک مائر کی سربراہی میں انویسٹمنٹ فورم میں شریک ہے، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے وزرائے اعلی بھی فورم میں موجود ہیں۔فورم میں معزز مہمانان پاکستان بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے اور مختلف کاروباری امکانات پر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔
اپنے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پائیدار معاشی استحکام کیلئے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا، پاکستان اقتصادی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں، عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر موجود ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے زیادہ سے زیادہ سرماری کاری درکار ہے، پاکستان کی آبادی کا زیادہ تر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ منرلز انویسٹمنٹ فورم سے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا لال صوبہ ہے، پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے سرمایہ کاری درکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ منرلز انویسٹمنٹ فورم میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی شرکت ہمارے لئے خوش آئند ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے شرکا کا خیر مقدم کرتے ہیں، فورم کے انعقاد کا مقصد پاکستان کے معدنی شعبے کے مواقع اجاگر کرنا ہے، فورم میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت پاکستان کے معدنی شعبے میں اعتماد کا مظہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کاوشوں سے معاشی استحکام ممکن ہوا، زرمبادلہ میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج دنیا کی بہترین سٹاک مارکیٹوں میں شامل ہوئی، معاشی محاذ پر یہ کامیابیاں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہیں، موڈیز اور فیج جیسے عالمی ادارے پاکستان کی معاشی کارکردگی کے معترف ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے، معدنی وسائل کے حوالے سے صوبہ بلوچستان کو نمایاں حیثیت حاصل ہے، خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ میں معدنی وسائل موجود ہیں، آزاد کشمیر میں سونے، قیمتی پتھر اور دیگر معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، حکومت معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے۔وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلئے قوانین کو آسان بنایا جا رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی