پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ٹھپہ مافیا کو روکنا پولیس کے بس میں نہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی میں پرامن بلدیاتی الیکشن کیلئے فوج یا رینجرز کی معاونت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں حالیہ ضمنی الیکشن نے ہر بار کی طرح پولیس کو بے نقاب کردیا، پی پی پی کے جیالے اسلحہ سے ووٹرز اور پولنگ عملے کو ہراساں کرتے رہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ پولیس تماشائی اور دھاندلی میں سہولتکار رہی جبکہ PS99 کے الیکشن میں حلیم عادل شیخ کیخلاف اسلحہ کی نمائش پر جعلی مقدمہ بنایا گیا تھا۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن شفاف و میرٹ کے مطابق یقینی بنانا ای سی پی کی آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹھپہ مافیا کو روکنا پولیس کے بس میں نہیں، الیکشن میں دھاندلی یا عوامی مینڈیٹ کی توہین ناقابل برداشت ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی