وزیر اعظم شہباز شریف کو 15 جون سے سوئٹزرلینڈ میں روس یوکرائن جنگ پر ہونے والی گلوبل پیس سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میں یوکرین کے سفیر مارکیان چچوک نے بتایا ہے کہ سوئٹزرلینڈ نے یوکرین کی رضامندی سے وزیر اعظم شہباز شریف کو آئندہ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھیجی ہے۔دفتر خارجہ کے ایک ذرائع نے بھی تصدیق کی کہ وزیراعظم کو سوئس حکومت کی جانب سے امن سربراہی اجلاس کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم آفس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کی دیگر مصروفیات اور مالی سال 2024-25 کے آئندہ وفاقی بجٹ کی وجہ سے تقریب میں شرکت کی توقع نہیں ہے۔وزیر اعظم 4 جون کو سی پیک 2 مرحلے کے باقاعدہ آغاز میں شرکت کے لیے چین جا رہے ہیں اور وہ 8 جون کو وطن واپس آئیں گے اور 11 یا 12 جون کو وفاقی بجٹ کا اعلان متوقع ہے، اور ساتھ ہی پارلیمنٹ میں بجٹ پر بحث شروع ہو جائے گی تو وزیر اعظم کے لیے ملک چھوڑنا مشکل ہو گا۔روس اور یوکرین جنگ تیسرے سال میں داخل ہو چکی ہے، عالمی امن سمٹ کا انعقاد خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن کے راستے تلاش کرنے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سربراہی اجلاس کا مقصد امن عمل کے مختلف نظریات کو شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ امن فریم ورک پر کام کو سیاسی آغاز فراہم کرنا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی