وزیراعظم شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہونیوالے نقصانات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں ایک اور مصروف دن گزارا، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے الگ الگ ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی، ملاقات میں وزیر اعظم نے سیکرٹری جنرل کے بروقت دورہ پاکستان کو سراہا۔ دوران ملاقات شہباز شریف نے متاثرہ لوگوں کے لئے بین الاقوامی حمایت اور امداد کو متحرک کرنے کے لئے سیکرٹری جنرل کی کوششوں پر اظہار تشکر کیا اور ترقی پذیر ممالک پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ٹھوس بین الاقوامی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے پاکستان پر اثرات اور سیلاب کے تباہ کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ دریں اثنا وزیراعظم نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات بھی کی، بل گیٹس نے پاکستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کو ترجیح دینے کی ضرورت کو تسلیم کیا اور پاکستان کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں تعاون پر بل گیٹس فائونڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ پولیوکے خاتمے کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب اور خاص طور پر پولیو کیسز کی تعداد میں حالیہ اضافے کے بعد پولیو کے خاتمے کیلئے کوششوں میں ایک مشکل صورتحال کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔وزیراعظم نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پولیو مہم کو کسی تاخیر کے بغیر جاری رکھا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی