وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھاری مقدار میں بھارتی ساختہ نشہ آور گولیوں اور منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے پرپاک بحریہ کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے انسداد منشیات کے کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی اور کہا کہ پاک بحریہ کے افسران و اہلکار نہ صرف پاکستانی سمندری حدود کی حفاظت بلکہ خطے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے مثر کردار ادا کر رہے ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو ملکی سمندری حدود کی حفاظت پر مامور اپنے پاک بحریہ کے افسران و اہلکاروں پر فخر ہے۔ واضح رہے کہ پاک بحریہ نے کامیاب انسداد منشیات آپریشن کرتے ہوئے بھارتی ساختہ نشہ آور گولیوں کی بڑی کھیپ ضبط کر لی۔ آپریشن کے دوران 2000 کلوگرام چرس، 370 کلو آئس اور 50 کلو ہیروئن ضبط کی گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی