i پاکستان

وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر آٹے کی قیمت میں مزید کمیتازترین

August 10, 2024

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی۔ وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں آٹے کے 10 اور 20 کلوگرام کے تھیلوں کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ بلال یاسین نے بتایا کہ لاہور میں آٹے کے 20 کلو گرام کے تھیلے کی قیمت میں مزید 70 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد لاہور میں 20 کلو کے آٹے کا تھیلا عام مارکیٹ میں 1800 روپے کی بجائے 1730 میں فروخت کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ میں 20 کلو گرام آٹے کا تھیلا 100 روپے مزید سستا ہو کر 1640 روپے میں ملے گا، جہلم، چکوال، پاکپتن اور نارووال میں 80 روپے جبکہ ملتان، ساہیوال، سرگودھا اور اٹک میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 60 روپے مزید کمی کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ راولپنڈی، حافظ آباد، سیالکوٹ، ننکانہ، اوکاڑہ میں 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 50 روپے کمی کی گئی ہے جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ، خوشاب، بھکر، لودھراں، راجن پور، مظفر گڑھ، لیہ اور رحیم یار خان میں آٹے کا تھیلا 40 روپے سستا ملے گا۔ بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد اور منڈی بہاالدین میں آٹے کی قیمت میں 30 روپے کمی کی گئی ہے، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، خانیوال، وہاڑی اور میانوالی میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 20 روپے کمی آئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی