وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی ،صحت اور تعلیم کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کو سہولیات پہنچانے کے لئے بھر پور تعاون کرتی رہے گی ، آزاد کشمیر کے لئے فنڈز کے اجراء میں کوئی رکاوٹ نہیں،بھمبر کے بعد کوٹلی اور دیگر اضلاع میںبھی جلد دانش سکولوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا تاکہ غریبوں کے بچے بھی معیاری تعلیم حاصل کر سکیں،وزیر اعظم نے اوورسیزپاکستانیز کنونشن کو کامیاب کرانے پر مسلم لیگ(ن) برطانیہ کے صدر چوہدری عبد الرحمان اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا، منگل کو یہاں وزیر اعظم آفس میں وزیر اعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی سربراہی میںچوہدری طارق فاروق اور مسلم لیگ(ن) برطانیہ کے صدر چوہدری عبد الرحمان پر مشتمل وفد نے ملاقات کی جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، خطے میں تعمیر و ترقی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،شاہ غلام قادر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی ،اس موقع پر وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کی رفتار کو مزید تیز دیکھنا چاہتی ہے اس کے لئے وفاق کی طرف سے آزاد کشمیر کے لئے فنڈز کے اجراء میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں،آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے وہاں کے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ذمہ داری ہے ، صحت اور تعلیم کے منصوبوں کے لئے مزید فنڈز دینگے تاکہ خطے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ، انہوں نے ہدایت کی کہ دانش سکولوں کا دائرہ کار پورے آزاد کشمیر تک پھیلایا جائے گا اس لئے بھمبر کے بعد کوٹلی ،باغ اور دیگر اضلاع میں دانش سکولوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے انتظامات کئے جائیں ،وزیر اعظم نے اوورسیز پاکستانیز کنونشن کو کامیاب کرا نے پر مسلم لیگ(ن) برطانیہ کے صدر چوہدری عبد الرحمان اورانکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ، مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے صدر اور سیکرٹری جنرل نے میر پور میں ائر پورٹ کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر بھی آپکی ذاتی دلچسپی کے باعث جاری ہے جبکہ آزاد کشمیر کے لئے سستا آٹا اور سستی بجلی کی فراہمی وفاقی حکومت کا تاریخی اقدام ہے جو ہمارے عوام کبھی نہیں بھلا پائیں گے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی