i پاکستان

نوجوان نہ صرف آنیوالے کل کے راہنما بلکہ آج پالیسی سازی میں فعال طور پر حصہ ڈال رہے ہیں، اسحاق ڈا رتازترین

October 24, 2024

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ساموا میں دولت مشترکہ انٹرجنریشنل ڈائیلاگ میٹنگ میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر زور دیا ہے۔ دفتر خار جہ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ساموا میں منعقدہ دولت مشترکہ کے انٹرجنریشنل مکالمے میں نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایک ریزیلنٹ اور شمولیت پر مبنی دولت مشترکہ کی تشکیل میں نوجوانوں کی قیادت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔نائب وزیر اعظم ڈار نے ایسے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم پر زور دیا جو نوجوانوں کو قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنائے۔ محمد اسحاق ڈار نے اس تناظر میں پاکستان میں پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام جیسے اقدامات کا ذکر کیا جس نے لاکھوں نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور مشغولیت میں مدد فراہم کی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں پاکستان کی کوششوں کا خاکہ بھی پیش کیا جس میں کامن ویلتھ یوتھ پروگرام میمورنڈم آف انڈر سٹینڈنگ پر نظر ثانی اور کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس کا آغاز شامل ہے۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان نہ صرف آنے والے کل کے راہنما ہیں بلکہ آج پالیسی سازی میں فعال طور پر حصہ ڈال رہے ہیں، انہوں نے کلائمیٹ ایکشن اور ڈیجیٹل اختراع کے ادارے چلانے میں نوجوان رہنمائوں کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے دولت مشترکہ کے رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو ایک مضبوط، زیادہ پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے شراکت داروں کے طور پر اپنائیں اور دولت مشترکہ کمیونٹی کے لیے دیرپا پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل انٹر جنریشنل تعاون کو جاری رکھیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی