i پاکستان

نواز شریف اور آصف زرداری تاریخ کے غلط رخ پر کھڑے ہیں،فواد چودھریتازترین

July 24, 2024

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری آج تاریخ کے غلط رخ پر کھڑے ہیں۔ بدھ کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سننے میں آرہا ہے آج کابینہ میٹنگ میں پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے کو اٹھایا جا رہا ہے، نواز شریف اور آصف زرداری آج تاریخ کے غلط رخ پر کھڑے ہیں، جو رکن ان دونوں کے ساتھ کھڑا ہے وہ مستقبل کی سیاست میں نظریں نہیں ملا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے عمران خان کو 14 ماہ سے جیل میں رکھا ہوا ہے، کسی کو کیا فرق پڑا؟ لوگوں نے نشان ڈھونڈ ڈھونڈ کر ووٹ ڈالا اور ایم پی ایز اور ایم این ایز کو اسمبلیوں میں بھیجا، بانی پی ٹی آئی اس وقت مظلوم ہیں، عوام ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عدالتوں کا حق سلب کر لیا گیا، نہ آپ سپریم کورٹ کو مان رہے ہیں نہ عوام کے فیصلوں کو اہمیت دی جا رہی ہے، پاکستان میں انارکی کی فضا پیدا کردی گئی ہے، اس وقت پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دیکھ رہی ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اب ان کا ذہن ہے ہم نے عدالتی عدم استحکام پیدا کرنا ہے، آئندہ دنوں میں لوگوں کی مہنگائی کی وجہ سے مزید چیخیں نکلنی ہیں، عوام ملٹری کے خلاف مہم سے دور رہیں، جو باہر بیٹھ کر عوام کو اداروں سے لڑانا چاہتے ہیں ہمیں اس مہم کا حصہ نہیں بننا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دہشتگردی پی ٹی آئی کی طرف سے نہیں پاکستان مخالف لوگوں کی طرف سے ہو رہی ہے، پاکستان کو استحکام کی طرف لے جانا ہے، عمران خان کے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی