امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق حکومت پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط پر ردعمل دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نجی سفارتی رابطوں پر بات نہیں کریں گے۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق خط کے معاملے پر سوال کے جواب میں ویدانت پٹیل نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس اور قید سے متعلق کسی بھی انکوائری پر بات کرنے کیلئے محکمہ انصاف سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے عمرکوٹ میں پولیس کے ہاتھوں ڈاکٹرشاہنواز کے ماورائے عدالت قتل سے متعلق ایک سوال پر کہا کہ پاکستان سمیت دنیا میں ہر جگہ توہینِ مذہب کے قوانین کی یکساں مخالفت کرتے ہیں۔ محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ ایسے قوانین اظہار رائے کی آزادی، مذہب یا عقیدے کی آزادی سمیت انسانی حقوق، بنیادی آزادیوں کے استعمال کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی